... loading ...
پشاور: وزیراعلی کے پی نے صوبے بھر کی اقلیتی عبادت گاہوں کو سولر سسٹم دینے اور اقلیتی کمیونٹی کے طلبہ کو 10کروڑ روپے کی اسکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے ون مین کمیشن ان مائنارٹی رائٹس کے چئیرمین شعیب سڈل نے ملاقات کی۔ سیکریٹری اوقاف و مذہبی امور خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں صوبے میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعلی نے صوبے میں بسنے والے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے اہم اعلانات کیے۔
وزیراعلی نے اقلیتی کمیونٹی کے بچوں کو صوبائی حکومت کے سروس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں خصوصی ٹریننگ دینے کا اعلان کیا اس ٹریننگ سے اقلیتی کمیونٹی کے بچوں کو مقابلوں کے امتحانات کی تیاری میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلی نے اقلیتی کمیونٹی کے طلبہ کو خصوصی اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا، اقلیتی طلبہ کو 100 ملین روپے کے اسکالرشپس دیے جائیں گے۔وزیراعلی نے صوبے بھر میں قائم اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔