... loading ...
کراچی،ڈی آئی خان: کرم امن معاہدے میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان ہے جب کہ عمائدین کو مسودے پر دستخط کرنے پر راضی کرلیا گیا ہے۔
حکومتی اراکین اور عمائدین کا ضلع کرم کے معاملے پر امن جرگہ آج منگل کے روز پھر منعقد ہو گا، جس میں امید ہے کہ مسئلے کا حل نکل آئے گا، جرگہ تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکا ہے، ایک فریق کے عمائدین نے امن معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے۔
جرگہ ذرائع کے مطابق کرم امن معاہدے میں ڈید لاک ختم ہونے کا امکان ہے اور امن معاہدے کے مسودے پر دستخط کے لیے عمائدین کو راضی کر لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پشاور تا پاراچنار مرکزی شاہراہ ڈھائی ماہ سے زائد عرصہ سے بند ہے۔
پاراچنار سمیت اپر کرم کے کئی دیہات کے لوگوں کو خوراک اور ادویات لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جب کہ مرکزی سڑک کی بندش کے خلاف پاراچنار پریس کلب سمیت شہر کے 5دیگر مقامات پر متاثرین کا دھرنا جاری ہے۔
منتخب نمائندوں اور پاراچنار اسپتال کے ایم ایس کے مطابق ادویات کی قلت اور علاج معالجے کی سہولیات کے فقدان کے باعث بچوں سمیت مریضوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔دوسری جانب کرم کے متاثرین اور پاراچنار پریس کلب سمیت شہر کے دیگر مقامات پر سراپا حتجاج مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، جھنگ، گلگت اور مظفرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی دھرنے جاری ہیں۔
ادھر گرینڈ جرگے میں فریقین کے درمیان سڑکوں اور راستوں کو کھلوانے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ضلع میں مستقل امن و امان کے قیام، ضلع بھر سے ہتھیاروں کے خاتمے، فریقین کے مورچوں کو مسمار کرانے اور مرکزی شاہراہ سمیت تمام سڑکوں اور راستوں کو کھلوانے اور محفوظ بنانے کے لیے کوہاٹ میں حکومت کے زیرسایہ گرینڈ جرگہ کل پھر شروع ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرینڈ جرگہ ڈیڈلاک کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں کرم امن معاہدے میں ڈید لاک ختم ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں امن معاہدے کے مسودے پر دستخط کے لیے عمائدین کو راضی کر لیا گیاہے۔
جرگہ ذرائع نے بتایا کہ معاہدے کے بعض نکات پر چند مشران راضی نہیں تھے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلحہ حکومت کے سامنے نہیں، جرگے میں سرنڈر کرنا ہوگا۔دوسری جانب مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران کراچی کے مختلف مقامات پر دھرنے جاری ہیں، تاہم ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہر کی بیشتر سڑکوں اور متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، دھرنوں کے مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کراچی میں مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر دیا گیا ہے۔جب کہ دیگر دھرنوں کے مقامات میں گلستان جوہر کامران چورنگی، ابو الحسن اصفہانی روڈ، نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی، یونیورسٹی روڈ، سرجانی روڈ، انچولی، نواب صدیق علی خان روڈ، چورنگی ناظم آباد، پاور ہائوس چورنگی، مین عائشہ منزل اور کورنگی نمبر ڈھائی شامل ہیں۔ٹریفک پولیس کراچی کا کہنا ہے کہ شارع فیصل کے دونوں ٹریکس پر ٹریفک کی روانی برقرار ہے، اور شہر میں گاڑیوں کا رش معمول کے مطابق ہے۔
تاہم، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ احتجاجی مقامات سے دور رہیں۔ٹریفک پولیس نے مزید کہا ہے کہ مسافر حضرات سے گزارش ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔