... loading ...
پشاور: مشیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم میں قیام امن کیلئے کوہاٹ میں اس وقت بھی فریقین میں جرگہ جاری ہے، توقع ہے دونوں فریقوں کی رضامندی سے آج یا کل تک معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے۔
بیرسٹر سیف نے میڈیا سے کرم ایشو پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسا حل چاہتے ہیں جو سب کو قابل قبول ہو، امید ہے کہ کرم میں دونوں فریقین رضامندی سے آج یا کل تک معاہدے پر دستخط کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کردار محض ثالث کا ہے، بھاری اسلحہ کی حوالگی اور مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنا ہمارا مطالبہ ہے۔ کرم میں متحارب دونوں قبائل کو چھوٹا نہیں ہر قسم کا بڑا اسلحہ مکمل طور پر حکومت کے حوالے کرنا ہوگا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کرم میں قیام امن کیلئے کوہاٹ میں اس وقت بھی فریقین میں جرگہ جاری ہے، ہم ایسا حل چاہتے ہیں جو سب کو قابل قبول ہو، حکومت کا کردار محض ثالث کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مسلح افراد کے بنکرز اور مورچے خالی نہیں بلکہ مکمل مسمار کیے جائیں، اس وقت اسلحہ حوالگی کا صرف ایک نکتہ ہے جس پر مشاورت جاری ہے،اس کے باعث ہی معاملات تھوڑے تعطل کا شکار تھے۔