... loading ...
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی، بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی۔
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے 5 ارکان عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے، عمرایوب، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ ناصر عباس بھی، وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور کو ملنے کی اجازت دی گئی۔
ان کے علاوہ سلیمان اکرم راجا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی جیل پہنچے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران مذاکرات کے پہلے دور میں ہوئی گفتگو کے بارے میں انہیں بریفنگ دی۔وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے دعوی کیا کہ مذاکراتی کمیٹی کے چار ارکان کو جیل جانے کی اجازت نہیں مل رہی، صرف وزیراعلی کے پی کے علی امین اندر جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے معزز ممبران کو داخلے کی اجازت نہ ملنے پر شدید احتجاج کرتا ہوں، جیل والے معزز ارکان کو اندر نہ جانے کی کوئی خاص وجہ نہیں بتارہے، ہم نے پہلے ہی بتادیا تھا حکومت میں ایک گروپ مذاکرت میں سنجیدگی نہیں دکھارہا، حکومت میں مریم نواز گروپ مذاکرات نہیں چاہتا۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے بانی پی ٹی آئی سے مذاکراتی کمیٹی کی طے شدہ ملاقات کو نہ روکا جائے، اگر مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات نہ ہونے دی تو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔
بعدازاں جیل عملے نے مذاکراتی کمیٹی کو ملنے کی اجازت دے دی۔