... loading ...
کراچی،لاہور، اسلام آباد، پشاور،کوئٹہ :بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایاگیا، اس حوالے سے کراچی ،لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ ،پشاور سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب مزار قائد اعظم پر منعقد ہوئی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔اس سے قبل، پاک فضائیہ کے جوان مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
صدر مملکت آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں کہاکہ قائد کے افکار قومی اثاثہ ہیں، ہم بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے بھی قائد اعظم کا عظیم عالمی لیڈر قرار دیا۔
بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سینئیر وزیر شرجیل میمن، صوبائی کابینہ کے ارکان، عسکری و سول حکام سمیت اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔
مزار قائد پر حاضری کے موقع پر گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔گورنر سندھ کامران خان ٹسوری کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی مادر وطن کے حصول کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہم نے پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنانا ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کی صورت میں ہمیں پیارا ملک دیا، موجودہ حکومت صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی لیڈرشپ میں پوری کوشش کر رہی ہے کہ ملک کے اندر معاشی، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال بہتر رکھی جائے۔
قائداعظم کے یوم ولادت کے حوالے سے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی جداگانہ ریاست کے تصور کو حقیقت کا روپ دیا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم قائداعظم کے افکار کو اپنے قومی کردار کا حصہ بنائیں۔
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ قائداعظم کے اصول اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پاکستان کو ایک مستحکم ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔