... loading ...
کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ پاکستان کو دشمنوں کی سازشوں سے بچانا ہماری ذمہ داری ہے، مذاکرات جمہوریت کا حسن ہیں، بگڑے ہوئے طبقے کو راہ راست پرلانا ناگزیر ہوچکاہے ۔
وزیراعلی سندھ نے بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پرگورنرسندھ اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزارقائد پرحاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کی صورت میں ہمیں پیارا ملک دیا، پاکستان کو دشمنوں کی سازشوں سے بچانا ہماری ذمہ داری ہے، حکومت معاشی، سیاسی استحکام، امن یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں، فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، ظالم کو اس کے ظلم کی سزا ملنی چاہئے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ صدیوں سے امن کا گہوارہ رہا ہے، امن وامان کے حوالے سے صوبائی اور وفاقی حکومت غیرقانونی تارکین وطن کو نکالنے کیلئے پرعزم ہے، پچھلی حکومت میں افغانستان سے لوگوں کی عام معافی کا اعلان کیا گیا تھا، ہم نے نشاندہی کرکے ان سب لوگوں کو واپس کیا۔
انہوں نے کہاکہ اس سال سندھ کی اسکیموں پر وفاق نے 80 ارب روپے مختص کئے ہیں، یہ وہ منصوبے ہیں جو وفاق سندھ میں بنا رہا ہے، آئینی اداروں کے اجلاس نہ ہونے پر وفاق سے سخت احتجاج کیا ہے، کچھ روڈ وفاقی تعاون سے بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوئی ہیں، 9 مئی کے پیچھے جو لوگ ہیں ان پر کیسز چل رہے ہیں، جب تک کوئی مجرم ثابت نہیں ہوتا اس وقت تک ملزم ہے، مذاکرات جمہوریت کا حسن ہیں، مذاکرات دشمن ممالک سے بھی کئے جاتے ہیںہے۔