ڈونلڈ ٹرمپ کا فیس بک ، ٹوئٹر سے ٹکرانے کا فیصلہ،سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کااعلان

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیس بک اور ٹوئٹر سے ٹکرانے کا فیصلہ کرلیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں ٹوئٹر پر طالبان کی موجودگی تو ہے تاہم عوام کے پسندیدہ امریکی صدر کو خاموش کرا دیا گیا ہے۔ ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کا کہنا ہے کہ سوشل نیٹ ورک سیلیکون ویلی کی بگ ٹیک کمپنیوں کے خلاف لڑے گا، جنہوں نے امریکا میں مخالف آوازوں کو خاموش کرنے کے لیے یکطرفہ طاقت کا استعمال کیا ہے۔ سابق صدر کا انٹرپرائز سبسکرپشن ویڈیو سروس بھی بنائے گا۔ سوشل نیٹ ورک اگلے مہینے بیٹا لانچ اور 2022 کی پہلی سہ ماہی میں مکمل متعارف کرادیا جائے گا۔ یاد رہے کہ امریکی انتخابات سے قبل ٹوئٹر نے اشتعال انگیز ٹوئٹس کرنے پر جنوری میں ٹرمپ کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا تھا۔