سپر پاورز خلا میں تسلط قائم نہ کرنے کا عہد کریں، چین

چین نے کہا ہے کہ سپر پاورز خلا میں تسلط قائم نہ کرنے کا عہد کریں۔ چینی ریڈیو کے مطابق چین کے سفیر برائے تخفیف اسلحہ لی سونگ کی قیادت میں چینی وفد نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے خلا کے لیے ذمہ دارانہ ضابطہ اخلاق کے اوپن ورکنگ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی۔ سفیر لی سونگ نے خلا میں سلامتی کی صورتحال اور ہتھیاروں کی دوڑ کی روک تھام کے بارے میں چین کے خیالات اور تجاویز بیان کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ خلا کی مشترکہ اور عالمگیر سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے عملی طور پر کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ خلا میں سب سے اہم ذمہ دارانہ رویہ سپر پاورز کا یہ عزم ہے کہ وہ خلا پر غلبہ حاصل نہ کریں اور خلا پر تسلط کی کوشش نہ کریں۔انہوں نے تمام ممالک سے مطالبہ کیاکہ وہ کسی بھی وجہ سے”سپیس کنٹرول معاہدے” کے مذاکرات میں رکاوٹیں ڈالنا بند کریں اور ذمہ دارانہ طریقے سے مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔