برطانوی سفیر کے قبول اسلام اور فریضہ حج کی ادائی کی خبر سوشل میڈیا پر چھائی رہی

simon-collins

برطانیہ سے سال رواں میں تقریباً 19 ہزار حجاج نے فریضہ حج ادا کیا جن میں ایک ایسا نومسلم جوڑا بھی شامل تھا جو سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بنا رہا۔ مذکورہ نومسلم جوڑا دراصل سعودی عرب میں تعینات برطانوی سفیر سائمن کولنس اور اُن کی اہلیہ ہدیٰ موجرکیچ کا ہے ۔ مذکورہ نومسلم جوڑے نے احرام کی حالت میں اپنی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ اس اعتبار سے وہ پہلے برطانوی سفیر ہیں جنہوں نے اسلام قبول کرکے فریضہ حج ادا کیا ہے۔

برطانوی سفیر کی جانب سے قبول اسلام کے بعد حج کی ادائیگی پر اُنہیں پوری مسلم دنیا سے مبارک بادیں دی جارہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر مبارک بادوں کے اس سلسلے میں سعودی شہزادی بسمہ بنت سعود بھی شامل ہیں جنہوں نے اُنہیں ٹوئٹر پر مبارک باد دی۔

مذکورہ مبارک بادوں کے سلسلے پر برطانوی سفیر نے خوشگوار ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ اُنہوں نے تیس سال مسلمان معاشروں میں رہنے کے بعد اپنی اہلیہ ہدیٰ سے شادی سے قبل ہی اسلام قبول کر لیا تھا۔ سائمن کولنس سعودی عرب میں 2015 سے برطانوی سفیر کے طور پر تعینات ہیں۔ وہ سفارت کاری کا طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے سفارت کاری میں اپنے سفر کا آغاز 1978 میں وزارت خارجہ میں ملازمت سے کیا تھا۔ یہاں تک کہ وہ مسلم دنیا کے مختلف ممالک میں بطور سفیر تعینات رہے۔ وہ اب تک بحرین ، قطر، عراق، شام، عمان اور نئی دہلی میں بطور سفیر خدمات انجام دے چکے ہیں۔