100 کروڑ روپے کا بھتہ، مشہور بھارتی چینل کے دو ایڈیٹرز گرفتار

zee-editors

دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے زی گروپ کے دو ایڈیٹرز کو گرفتار کرلیا ہے جن کے خلاف کانگریس کے رکن اسمبلی نوین جندل نے شکایت درج کروائی تھی کہ انہوں نے ایک مشہور اسکینڈل میں جندل گروپ کے حوالے سے ایک خبر جاری نہ کرنے کے بدلے میں کمپنی کی جانب سے 100 کروڑ روپے کے اشتہارات کا “بھتہ” طلب کیا تھا۔

گرفتار ہونے والے صحافیوں سدھیر چودھری اور سمیر اہلووالیا زی نیوز اور زی بزنس چينلوں کے ایڈیٹوریل سربراہان ہیں۔ دونوں کے خلاف مجرمانہ سازباز اور بھتہ خوری کے مقدمات درج کیے جانے کا امکان ہے۔ ان مدیران نے الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد تفتیشی صحافت کو ہدف بنانا ہے۔

پولیس کا کہنا ےہ کہ گرفتاری فارنزک ماہرین کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے بعد عمل میں آئی ہیں جس میں رکن پارلیمان کی جانب سے سی ڈی جمع کرائی گئی جو زی کے مدیران اور جندل کے عہدیداران کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آڈیو اور وڈیو ریکارڈنگ بھی مشتمل ہے اور اس کو مکمل طور پر اصلی پایا گیا۔ جندل کا کہنا ہے کہ انہوں نے صحافیوں کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے یہ ‘اسٹنگ آپریشن’ کیا تھا۔

جندل اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ نے پولیس کو اس ٹیلی فونک گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ اور تین ملاقاتوں کی وڈیو ریکارڈنگ فراہم کی تھی جو 13، 17 اور 19 ستمبر کو دہلی کے ہیاٹ ریجنسی ہوٹل میں ہوئی تھیں۔ ایف آئی آر میں جندل اسٹیل نے ایسل گروپ کے چیئرمین سبھاش چندر اور ان کے صاحبزادے پنیت گوئینکا کو بھی شریک ملزم نامزد کیا ہے، جن پر سازباز، بھتہ خوری، مجرمانہ دھمکی اور زی نیوز لمیٹڈ اور اس کے حکام کی بدنامی کا الزام ہے۔

وسط اکتوبر میں براڈکاسٹ ایڈیٹرز ایسوسی ایشن نے سدھیر چودھری کو خزانچی کے عہدے اور انجمن کی بنیادی رکنیت سے نکال دیا۔

بعد ازاں کرائم برانچ نے چودھری، اہلووالیا اور دیگر کے خلاف 100 کروڑ روپے کا بھتہ لینے کا مقدمہ درج کیا۔

واضح رہے کہ جب جندل اسٹیل نے بھتہ دینے سے انکار کردیا تھا تو زی نیوز نے کمپنی کے خلاف خبروں کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔