افغان طالبان اور امریکا کی ایک دوسرے کو یقین دہانیاں

افغان طالبان نے امریکا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ امریکی حکام نے بھی طالبان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ افغانستان میں کسی عسکری گروہ کی مالی امداد نہیں کریں گے۔ افغان طالبان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے دوحہ میں امریکی حکام سے ملاقات کی ہے، ملاقاتوں میں افغان حکومت کی نمائندگی اسلامی امارت افغانستان کے انٹیلیجنس چیف مولوی عبدالحق واثق سمیت جنرل ڈائریکٹر انٹیلیجنس نے کی، جبکہ امریکی وفد میں سی آئی اے سمیت وائٹ ہاؤس کے نیشنل سکیورٹی کونسل اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام شامل تھے۔ ملاقاتوں میں طالبان نے امریکی حکام کو واضح کیا کہ اسلامی امارت دوسروں کی جنگ نہیں لڑے گی۔ طالبان حکام نے یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خواہ وہ امریکی اتحاد کا حصہ نہ بھی ہو۔ افغان ذرائع کے مطابق امریکی حکام نے بھی طالبان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ افغانستان میں کسی عسکری گروہ کی مالی امداد نہیں کریں گے۔