بھارت کا سپرسونک میزائل کا تجربہ کامیاب،پاکستان نے معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا عندیہ دے دیا!

supersonic

بھارت نے ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقے میں، بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے مقامی طور پر تیار کیے گئے سپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیاہے۔

ڈی آر ڈی او(ڈیفنس ریسرچ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن )کے مطابق تجربے کے دوران سپرسونک میزائل نے کامیابی سے فضا میں ہی اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق میزائل کا تجربہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر کیا گیا، سپر سونک میزائل کو عبد الکلام جزیرے پر نصب کیا گیا تھا اور اس نے ٹریکنگ ریڈار سے اشارہ ملتے ہی اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے ڈی آر ڈی او کے ایک سائنسدان کے حوالےسے کہا ہے کہ میزائل کےنقصان پہنچانے کی صلاحیت اور اثر کو مختلف ٹریکنگ ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کے تجزیے کے بعد یقینی بنایا گیاتھا۔ساڑھے 7 میٹر لمبا سپر سونک میزائل نیوی گیشن سسٹم، جدید کمپیوٹر اور الیکٹرو مکینکل ایکٹیویٹر سے لیس ہے، جبکہ اس کا اپنا موبائل لانچر بھی ہے۔ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کے لیے میزائل کے ساتھ محفوظ ڈیٹا لنک، آزاد ٹریکنگ اور جدید ترین ریڈار کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

دوسری طرف پاکستان میں وزیراعظم نوازشریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نےبھارت کی جانب سے سپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی سطح پر اُٹھائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح خطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ بھارت کو امریکا کا پورا تعاون حاصل ہے کیونکہ امریکا یہ سمجھتا ہے کہ ایک مضبوط بھارت چین کو زیر رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔