آگ کا دریا عبور کرکے وزیراعلیٰ کی کرسی تک پہنچنا پڑا، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعلی کی کرسی اللہ تعالی نے مجھے دی ہے اور مجھے آگ کا دریا عبور کرکے یہاں تک پہنچنا پڑا ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پولیس کی پاسنگ آٹ پریڈ میں پولیس یونیفارم پہن کر شرکت کی۔پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہوئی پولیس پاسنگ آئوٹ پریڈ میں 650 خواتین اہلکار شامل ہیں، پولیس میں خواتین اہلکاروں کو ڈیوٹی پر دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ 7 ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں اس تعداد میں اضافہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج پہلی بار پولیس یونیفارم پہنا تو اندازہ ہوا کہ یہ کتنی بڑی ذمے داری ہے، آپ کی ہمدردی مظلوم کیلئے ہونی چاہے ظالم کے لیے نہیں۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھاکہ میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں معاشرے میں انصاف قائم کرنا ضروری ہے، وزیراعلی کی کرسی پر بیٹھ کر اگر کسی کے خلاف کوئی فیصلہ کرنا پڑتا ہے تو دل پر پتھر رکھ کر کرتی ہوں، وزیراعلی کی کرسی اللہ تعالی نے مجھے دی ہے اور مجھے آگ کا دریا عبور کرکے یہاں تک پہنچنا پڑا ہے، ان حالات نے میری ٹریننگ کی ہے اور یہ نہیں سننا پڑا کہ نوازشریف کی بیٹی ہوں اس لیے یہاں تک پہنچی ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں گھر جاتی ہوں تو اپنے والد کے ساتھ پورے دن کا احوال شیئر کرتی ہوں اور والد کے چہرے پر تشکر کے تاثردیکھتی ہوں تو لگتا ہے میری محنت کامیاب ہو گئی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے احساس ہے کہ انصاف کرنا ہے اور 12 کروڑ افراد کی خدمت کرنی ہے، یہ خواتین گھر کی ذمے داریاں بھی ادا کرتی ہیں اور خوشی ہوئی کہ آج پہلی خاتون پولیس اہلکار کو اعزازی شمشیر عطا کی گئی۔