پچھلا دروازہ

kashmir

کہانی ہے ایک پہاڑی گاؤں کی جہاں لوگ خوشی خوشی رہتے ہیں، پہاڑوں کی وادی میں بسے اس خوبصورت گاؤں میں سبزہ وافر اور پانی کی فراوانی ہے، پھل سبزیا ں بھی بڑی مقدار میں موجود ہیں، گایوں بھینسوں اور بھیڑ بکریوں کی بھی کمی نہیں۔اس گاؤں میں ایک گھر پی کے کا ہے، اپنے گھر کوترتیب سے چلانے کے لئے پی کے بڑے جتن کرتا ہے ، کھانے پینے کا انتظام ہو یا گھر کی چوکیداری پی کے ہوشیاری کے ساتھ معاملات نمٹاتا ہے ۔ کچھ چور پی کے بھائی کے گھر میں نقب لگانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں کبھی دیوار کو سیندھ لگاتے ہیں تو کبھی کھڑکی توڑ نے کی کوشش کرتے ہیں لیکن پی کے کی ہوشیاری ان کو اندر گھسنے نہیں دیتی۔پی کے بیٹے آپس میں لڑتے جھگڑتے بھی ہیں ، پی کے کی بیوی کو اس سے بہت ساری شکایات ہیں، پی کے ان کے جھگڑے دور کرے کی کوشش کرتا ہے اور بیوی کی فرمائشیں پوری کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے ۔پی کے اپنے گھر کے مسائل سلجھانے میں اس قدرمصروف رہتا ہے کہ اسے پڑوسیوں کے معاملات میں دخل دینے کا وقت ہی نہیں ملتا، ویسے پی کے کوئی برا پڑوسی نہیں ہے۔ پی کے کی کوشش ہوتی ہے کہ پڑوسیوں کو شکایت کا موقع نہ ملے ، کبھی کبھی پی کے بھائی کے چھوٹے بچے اپنی گیند سےپڑوسیوں کی کسی کھڑکی کا شیشہ توڑ دیں تو پی کے فورا ً معذرت کر لیتا ہے اپنے بچوں کو ڈانتا بھی ہے۔

پی کے کا ایک پڑوسی ہے جس کا نام آئی این ہے۔ آئی این کی فیملی بڑی ہے اور اس کے کئی لڑکے شادی شدہ ہیں اور ایک بیوہ بیٹی بھی ساتھ رہتی ہے۔ آئی این کے گھر میں ہر وقت ہاہاکار مچی رہتی ہے ، کہیں لڑکے لڑ رہے ہیں تو کہیں لڑکیاں بین کر رہی ہیں، کہیں پوتے نواسے اٹھا پٹخ کر رہے ہیں ۔ لیکن آئی این کو اپنے گھر والوں کو سنبھالنے کی کوئی فکر نہیں اس کو تو گاؤں کی چوپال میں پنچایت لگا کر بیٹھنا پسند ہے۔ گاؤں کا چوہدری آئی این کو کچھ خاص توجہ تو نہیں دیتا لیکن چوہدری کی پرچون کی دُکان آئی کی بڑی فیملی کی وجہ سے خوب چلتی ہے اس لئے چوہدری آئی این کو گوارہ کر لیا کرتا ہے۔

آئی این ہمارے پی کے کا پڑوسی ہے دونوں کے گھروں کی دیوار ملی ہوئی ہے ، پی کے اچھا پڑوسی بننے کی پوری کوشش کرتا ہے ، آتے جاتے آئی این سے سلام دعا کرنانہیں بھولتا، گھر میں کوئی اچھی چیز پکے تو وہ بھی آئی این کے گھر بھجوائی جاتی ہے۔اس کے باوجود آئی این کو پی کے کا گھرانہ ایک آنکھ نہیں بھاتا۔اس کی کوشش ہوتی ہے کسی نہ کسی طرح پی کے کو تنگ کرتا رہے۔

کبھی آئی این کی بیوی گھر کا کوڑا کچرا پی کے بھائی کے گھر کے سامنے پھینک دیتی ہے تو کبھی آئی این کا کوئی لڑکا پی کے کی بکری کھول کر لے جاتا ہے۔ خود آئی این بھی موقع ملتے ہیں پی کے کی گھوڑا گاڑی کے پہیے کے پیچ کھول دیتا ہے۔ اس بار تو حد ہی ہوگئی آئی این نے پی کے بھائی کے دروازے کے آگے اپنی چارپائی بچھائی اور محلے کو کچھ آوارہ لڑکوں کولے کر وہاں بیٹھ گئے۔پی کے نے چائی پائی ہٹانے کے لئے کہا تو آئی این نے آنکھیں دکھانا شروع کر دیں، بیچارہ پی کے بڑی مشکل سے کھڑکی کے راستے کود کر باہر نکلا اور آئی این سے کہا چارپائی ہٹاؤ میرے گھر کا راستہ رکا ہوا ہے۔ آئی این نے بجائےچارپائی ہٹانے کے جواب دیا کہ میرے مہمان بیٹھے ہیں میں کیسے چارپائی ہٹا دوں میری تو بے عزتی خراب ہو جائے گی۔

لڑائی سے دامن بچاتے ہوئے پی کے نے گاؤں کے چوہدری کا دروازہ کھٹکھٹایا ، چودھری کو روداد سنائی کہ کس طرح آئی این نے اس کے گھر کا راستہ بند کیا ہو ا ہے۔ چوہدری نے پہلے تو لیت و لعل سے کام لیا پھر پی کے بھائی کے اصرار پر اس کے ساتھ چل پڑا ۔چودھری پی کے بھائی کے گھر کے سامنے پہنچا جہاں دروازے کے سامنے چار پائی لگائے آئی این مزے سے اپنے حمایتیوں کے ساتھ بیٹھا حقہ پی رہا تھا۔ آئی این نے چودھری کا کھڑے ہو کر استقبال کیا، پھر بولا حضور آپ نے کیوں تکلیف کی مجھے بلا لیا ہوتا میں خود چل کر آپ کے پاس آجاتا اس پی کے نا حق آپ کو اتنی تکلیف دی ، یہ بندہ ہمیشہ دوسروں کو تکلیف دے کر خوش ہوتا ہے۔ آئی این نے چودھری کو چار پائی پر بٹھا دیا اس کے لئے حقہ تازہ کیا ، اپنے لڑکے سے حلوہ اور لسی لانے کا کہا، چوہدری بھی جم کر بیٹھ گیا ، حقہ پیتے ہوئے گپ شپ ہونے لگی اس دوران حلوہ بھی کھایا گیا اور لسی کے کئی گلاس بھی خالی کیے گئے ۔ پی کے نے کئی بار چودھری کی توجہ اس چارپائی کی جانب دلائی جس پر چودھری بمعہ آئی این اور دیگر براجمان تھے لیکن ہر بار حمایتیوں نے پی کے کو ٹوک دیا ، چوہدری کو حلوہ تو کھا لینے دو ، ارے چودھری صاحب کو لسی تو پی لینے دو ، ابھی چوہدری صاحب حقہ پی رہے ہیں ۔۔ پی کے صبر کرکے بیٹھ گیا ، ہاں جاتے ہوئے چودھری صاحب نے پی کے کو حکم دیاکہ آئی این کو تنگ نہ کیا جائے اور اپنے آنے جانے کے لئے پی کے گھر کا پچھلا دروازہ استعمال کرے ۔ گاؤں میں چودھری کے فیصلے کی دھوم مچ گئی۔کہانی آپ نے سن لی اب آپ ہی فیصلہ کریں پی کے کو اس آئی این نامی پڑوسی کے ساتھ کیا سلوک کرنا چاہئے ۔ ڈنڈا تو پی کے بھائی کے گھر میں بھی موجود ہے ۔۔