ایگزیکٹ: شعیب شیخ نے رہائی کے بعد "پہلے سے بھی زیادہ" کا نعرہ لگا دیا!

ایگزیکٹ کے ملازمین کو گزشتہ پندرہ ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان

shoaib-shaikh2

ایگزیکٹ کے سی ای اور شعیب شیخ نے یکم ستمبر کو رہا ہونے کے بعد گزشتہ روز ایگزیکٹ کے دفتر کا اپنی والدہ کے ساتھ دورہ کیا ۔ جہاں تمام ایگزیکٹین موجود تھے۔ شعیب شیخ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ایگزیکٹ کے ملازمین کو یہ خوشخبری سنائی کہ ابتلا کے پندرہ ماہ میں اُن کے تمام دفاتر اور کاروبار کی بندشوں کے باوجود وہ اپنے تمام ملازمین کو پندرہ ماہ کی پوری کی پوری تنخواہ ادا کریں گے۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ ایگزیکٹ پاکستان کے تمام افسران اور عملے کو مئی 2015ء سے اب تک کی سب تنخواہیں ملیں گی، جس میں وہ تمام عرصہ شامل ہے جس میں ایگزیکٹ کو غیر قانونی طور پر بند کیا گیا تھا۔ اسی طرح ایگزیکٹ پاکستان کے خریدار اور متعلقہ اداروں نے اس پورے عرصے میں جس صبر و اعتماد کا مظاہرہ کیا، انہیں بھی پورے منافع کے ساتھ اب تک کی مکمل ادائیگی کی جائے گی۔ اُنہوں نے ایگزیکٹ کے تمام ساتھیو، اہل خانہ، اسٹیک ہولڈرز اور ایگزیکٹ اور پاکستان کے خیر خواہو کو اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے کرم سے بالآخر سخت جدوجہد کے بعد حق باطل پر غالب آ گیا ہے۔ ظلم و ناانصافی کے 15 مہینے، جو سانحہ ایگزیکٹ کا نتیجہ تھے، بالآخر اپنے اختتام کو پہنچے۔ اس موقع پر اُنہوں نے قرآن پاک کی یہ آیت بھی پڑھی کہ "نصر من اللہ و فتح قریب" ۔

شعیب شیخ نے اپنے خطاب میں پندرہ ماہ کی بحرانی صورت حال پر ایگزیکٹ کے ملازمین کے عزم وحوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایگزیکٹ کے تمام افراد، ان کے اہل خانہ، ہمارے اسٹیک ہولڈرز اور خیر خواہوں کی سخت کوششوں اور دعاؤں کے ساتھ سچ طلوع ہونے سے ظلم کا اندھیرا چھٹ چکا ہے اور اب ہم اپنی منزل کی طرف قدم بڑھا رہے ہیں، پہلے سے بھی زیادہ تیزی سے۔ اُنہوں نے کارپورٹ شعبےاور خاص طور پر آئی ٹی کمپنیوں، کے لیے بھی کلمات تشکر ادا کیے جنہوں نے اس ابتلا کے عرصے میں ایگزیکٹ کے ملازمین کو پناہ دی۔ اُنہوں نے اس موقع پر کہا کہ اب سب کچھ پہلے سے زیادہ ہو۔ ہم یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ تمام پاکستانیوں، ایگزیکٹ سے وابستہ سب افراد، ان کے اہل خانہ، اسٹیک ہولڈرز اور ایگزیکٹ اور پاکستان کے خیر خواہوں کے لیے اب سب کچھ پہلے سے بھی زیادہ ہو۔

پہلے سے بھی زیادہ تنخواہیں،

پہلے سے زیادہ فائدے،

پہلے سے زیادہ سہولیات،

پہلے سے بھی زیادہ روزگار،

پہلے سے بھی زیادہ فروخت،

پہلے سے بھی زیادہ کاروبار،

پہلے سے بھی زیادہ آئی ٹی برآمدات،

پہلے سے بھی زیادہ مصنوعات،

پہلے سے بھی زیادہ مسابقت،

اور سب سے اہم

پہلے سے بھی زیادہ عزم و حوصلے کے ساتھ مثبت و ترقی یافتہ پاکستان کے وژن کی سمت سفر۔ اُن کے ان الفاظ کا ایگزیکٹ کے ملازمین نے نہایت جوش وخروش سے خیرمقدم کیا ۔

Electrolux